مظفر آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم مودی کو واضح پیغام دیا ہے کہ مودی تیار ہو جائو، تمھیں سبق سکھانے کا وقت آگیا‘ہمیں اطلاعات ہیں اور ہماری فوج کو پتا ہے کہ انہوں (بھارت) نے آزاد کشمیر میں ایکشن لینے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے جس طرح انہوں نے پلواما کے بعد بالاکوٹ میں ایکشن لیا،ہماری فوج چوکس اورپوری قوم تیارہے ، بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ممکنہ جنگ کی ذمہ دار اقوام متحدہ اور عالمی برادری ہو گی جس نے اپنا فرض نہیں نبھایا‘مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اقوام متحدہ کا امتحان ہے، کیا اقوام متحدہ تب چلتی ہے جب طاقتور فیصلہ کرے، کشمیر یوں کا سفیر اب میں خود ہوں، اپنا مقدمہ عالمی عدالت انصاف سمیت ہر فورم پر لے کر جائیں گے ‘بھارتی وزیراعظم کو تکبر لے ڈوبے گا‘ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں‘ بھارت خوش فہمی کا شکار ہے‘ مودی نے آخری کارڈ کھیل لیا مگر یہ فائدہ بھی ہوا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا‘میں سمجھتا ہوںمقبوضہ کشمیر کی انفرادی حیثیت ختم کرکے نریندر مودی نے تاریخی اسٹریٹجک غلطی کردی جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا‘ کرفیو ختم ہونے پر کتنی بڑی تباہی سامنے آ ئے گی یہ سوچ کر ڈر لگتا ہے،ہمارے سامنے آرایس ایس کاخوفناک اور نفرتوں سے بھرا نظریہ کھڑا ہے‘ آر ایس ایس کا جن بوتل سے نکل گیا ہے، اب سکھوں، عیسائیوں اور دلتوں پر مشکل وقت آئیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اس وقت جب سب سے بڑا بحران ہمارے کشمیریوں پر ہے، میں نے پہلی مرتبہ بی جے پی اور مودی کی اصل شکل کو دنیا کے سامنے رکھا، بھارت سے ہمارے سامنے ایک مفادات کی کشمکش نہیں چل رہی بلکہ ہم ایک نظریے کے خلاف کھڑے ہیںِ اور یہ زیادہ خوفناک ہے‘ ہمارے سامنے ایک خوفناک نظریہ کھڑا ہے، جو آر ایس ایس کا نظریہ ہے جس کا مودی بچپن سے ممبر ہے‘ آر ایس ایس نے اپنا نظریہ ہٹلر کی نازی پارٹی سے لیا‘اس نظریے کے پیچھے مسلمانوں کے خلاف نفرت ہے، یہ لوگ عیسائیوں سے بھی نفرت کرتے ہیں کہ انہوں نے بھی ان پر حکومت کی‘ اس نظریے میں انہوں نے مسلمانوں کی نسل کشی بھی رکھی ہوئی ہے‘ اس نظریے نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا‘میں نے دنیا میں پہلی مرتبہ بھارتی وزیراعظم کا مکرہ اور اصل چہرہ سامنے رکھا۔وزیراعظم نے کہا کہ آر ایس ایس نظریہ سمجھتا ہے کہ مسلمانوں نے ان پر سیکڑوں سالوں تک حکومت کی ہے اب ان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے کیونکہ اگر یہ ہم پر حکومت نہ کرتے تو ہم عظیم قوم ہوتے ۔بھارت کو یہ بہت بڑی تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے‘انڈیامیں آپ مسلمانوں کے حقوق ختم کریں گے تو اس کا رد عمل آئے گا ۔ آر ایس ایس کا نظریہ نفرت سے بھرا ہے، یہ پاکستان کی طرف آئیگا، اب انہوں نے کشمیر سے دنیا کی نظر اٹھانے کے لیے زیادہ خطرناک پروگرام بنایا ہوا ہے، مودی کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ ایکشن لیں آپ کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا، پاک فوج 20 سال سے شہیدوں کی لاشیں اٹھارہی ہے یہ وہ فوج نہیں جس نے ایکشن نہیں دیکھا‘ صرف ہماری فوج ہی نہیں بلکہ پوری قوم تیار ہے۔عمران خان نے خطاب کے دوران بھارتی وزیراعظم کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اور فوج تیار ہے آپ جو کریں گے ہم آپ کا مقابلہ کریں گے اور آخر تک جائیں گے اور بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ ہم اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔مودی کی جانب سے اپنا آخری کارڈ کھیلنے کے بعد اب کشمیر آزادی کی جانب جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کشمیری عوام اب ڈرتی نہیں، آپ اس کو غلام نہیں رکھ سکتے، آپ کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو آپ آزاد کشمیر میں مہم جوئی کرنے اور سبق سکھانے کا سوچ رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ آپ کو سب سکھایا جائے۔ دریں اثناءعمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر ایک بیان میں کہاہےکہ آرایس ایس کے نظریہ سے صرف کشمیریوں ‘پاکستانیوں ‘بھارتی مسلمانوں ‘ عیسائیوں اوردلتوں کو ہی نہیں بلکہ خوداس ہندوستان کو خطرہ ہے جس کا خواب اس کے بنانے والوں نے دیکھا ۔اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے نازی حکمراں ایڈولف ہٹلر کی خودنوشت سوانح حیات ’’میری جدوجہد ‘‘کا سرورق بھی شیئر کیا ۔