اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابینہ کو کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا ، اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے. وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت سرحد کی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا اور مقبوضہ کشمیر سےمتعلق خصوصی کمیٹی کی تجاویز پیش کی جائیں گی. ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کابینہ کو کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے اور سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائےگا. اجلاس میں کابینہ اراکین عوامی مفادات کے اقدامات سے متعلق تجاویز پیش کریں گے جبکہ وزارت مواصلات ایک سال کی کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ دے گی وفاقی کابینہ گزشتہ ای سی سی اور کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کرے گی.کم قیمت گھروں کے منصوبہ کے لیے5ارب قرض کی منظوری اور پاک ترک اسٹرٹیجک اکنامک فریم ورک کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں. گھریلوتشدد سے تحفظ اور روک تھام کے بل کی منظوری ، کابینہ کرسچن شادی اورطلاق بل 2019 کی منظوری اور اینٹی ڈمپنگ ایپلیٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور 2ممبران کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں. یاد رہے 17 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس ہوا تھا ، جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی تھی. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی اور عسکری پہلو ہیں، فیصلہ کیا ہے کہ سیاسی محاذ پر فارن آفس میں خصوصی کشمیر ڈیسک قائم کی جائے گی جبکہ عسکری محاذ پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے ، خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا.