اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے، ہمارا موقف واضح، ٹھوس اور اصولی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت قانون اس سلسلے میں تمام تفصیلات جلد جاری کریگی۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے جارہے ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔یاد رہے گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پررابطہ ہوا تھا، صدرٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ٹیلی فونک کال کے بعد رابطہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکنے کیلئے کرداراداکرنے کامطالبہ کیا تھا۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وفاقی کابینہ نے کم قیمت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی،پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک،کرسچن میرج اور طلاق بل 2019،گھریلو تشدد سے تحفظ اور روک تھام کے بل،نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ہے جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہاہے کہ بزنس مین پر نیب کا خوف طاری ہے، کابینہ میں ڈسکس کیا گیا کہ کیسے باہر سے آنے والے بزنس مینوں کا یہ خوف دور کیا جائے؟ اگلی کابینہ میٹنگ میں بھی بات ہوگی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے،وزیر اعظم نے بتایا کہ کیسے دیوالیہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا؟، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نہ اٹھایا گیا تو پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائیگا،کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے،میڈیا بھارتی بربریت کیخلاف تسلسل سے آواز بلند کر نے کا سلسلہ جاری رکھے، وزیر اعظم ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے، چھبیس ستمبر کو مودی خطاب کریں گے، چھبیس ستمبر تک ہمیں کشمیر اشو پر مسلسل بات کرتے رہنا ہوگا،جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع خطے میں امن کے تسلسل کے تحت ہوئی ہے۔