پیپلز پارٹی پرنیب مقدمات 30 سال سے مگر کوئی الزام ثابت نہ ہوا، ملک کو جمہوریت سے محروم رکھنے کیلئے نیب مذموم مہم کا حصہ ہے، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) ممبر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل قاری فاروق احمد فاروقی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پچھلے 30 سال سے سیاسی مقدمات کا سامنا کر رہی ہے اور نیب اورادارے مکمل تفتیش کر چکے ہیں مگر کبھی کوئی الزام ثابت نہ ہوسکا ۔ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن رہی ہے اورنیب اپوزیشن کیخلاف اورجمہوریت کیخلاف ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آمریت کی پیداوار اور نشانی ہے نیب آج تک کسی سیاستدان پر کوئی جرم ثابت نہیں کرسکا اب بھی آصف علی ذرداری اور فریال ٹالپور کو جھوٹے مقدمات میں نامزد کرکے انہیں بدنام کرنے اور اپنے سیاسی عزائم پورے کرنے کے لئے ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے پیپلز پارٹی کا واسطہ ایسے طالع آزماں کی مہم جوئی سے ماضی میں بھی رہا ہے اور ایسے عناصر کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ نوجوانوں کا بھرپور اعتماد ہے اور ہم ہر قسم کی جدوجہد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں مظاہرے میں شریک نوجوانوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نیب گردی اور جھوٹے مقدمات کے خلاف نعرے درج تھے