لاہور (ویب ڈیسک) ایف آئی اے لاہور کے سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر کی کارروائی، شیخوپورہ کی خاتون کو نازیبا تصاویر، ویڈیوز کے ذریعے ہراساں اور بلیک میل کرنے والے لاہور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرکے دو موبائل فون قبضے میں لے لئے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق سی سی آر سی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سرفراز نے ایک بیان میں کہا کہ شیخوپورہ کی رہائشی خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ میری بہن کو اس کی مرضی کے بغیر بنائے گئے فوٹوز اور ویڈیوز کے ذریعے لاہور کے رہائشی ایک شخص کی جانب سے ہراساں اور بلیک میل کیا جارہا ہے۔ ملزم نے دھوکے بازی سے اس کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور اس کا موبائل بھی چرا لیا۔ ملزم نے خاتون کو تین لاکھ روپے ادا کرنے پر مجبور کیا اور اب بلیک میلنگ کے ذریعے پانچ لاکھ سے زائد رقم کا مطالبہ کررہا ہے۔ مقدمے کے اندراج کے بعد سی سی آر سی لاہور کی تفتیشی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کر کے قبضے میں لے لئے۔ جس میں سے ایک موبائل میں خاتون سے متعلق قابل اعتراض مواد بھی موجود ہے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ٹریفک وارڈنز نے پرانے راوی پل سے گاڑی سے اسلحہ برآمد کر لیا، گاڑی سے دو ملزم فرار ہونے میں کامیاب جبکہ ایک ملزم کو پکڑ لیا گیا، ملزم سے بڑی گن، دو پسٹل اور 36 زندہ گولیاں برآمد ،مقدمہ کر درج کر لیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق پرانے راوی پل کے قریب ٹریفک وارڈن صغیر نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے رنگ روڈ کی طرف بھگا دی، انسپکٹر سربالی خان نے گاڑی کو راؤنڈاپ کرتے ہوئے رنگ روڈ کے قریب روک لیا، گاڑی سے دو ملزم فرار ہونے میں کامیاب جبکہ ایک ملزم کو دھر لیا گیا، ملزم سے ایک بڑی گن، دو پسٹل اور 36 زندہ گولیاں برآمد کر لیں گئیں،ملزم اسد نارووال کا رہائشی ہے جسے مزید کارروائی کیلئے تھانہ شاہدرہ کے حوالے کر دیا گیا۔سی ٹی اولاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرنے پر انسپکٹر سربالی خاں اور وارڈن صغیر کا شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا،اس حوالے سے سی ٹی او لاہور کا کہنا تھاکہ وارڈنز ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔