بیارٹز(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے بڑھاوے سے گریز کریں، سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے بتایا کہ مودی اور انٹونیو گوٹیریش کی ملاقات جی سیون کے موقع پر ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی گئی۔ اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریش اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان فرانس کے شہر بیارٹز میں ہونے والے جی سیون ممالک کے اجلاس کے دوران سائیڈلائن پر ملاقات ہوئی۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر میں کسی بھی بڑھاوے سے گریز کریں۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ معاہدے کے باوجود امریکی افواج افغانستان میں ہمیشہ کیلئے رہیں گی اور اگر افغان سرزمین سے دوبارہ امریکہ پر حملہ ہوا تو ہم دوبارہ آئیں گے۔امریکی ریڈیو کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے باوجود امریکی افواج افغانستان میں موجود رہیں گی ۔ ’ ہم افغانستان سے مکمل فوجی انخلا نہیں کر رہے بلکہ 8 ہزار 6 سو کے قریب امریکی فوجی مستقل افغانستان میں رہیں گے اور اگر ہمیں پھر افغانستان آنا پڑا تو یہ گزشتہ آمد سے مختلف ہو گی۔‘ اس وقت امریکہ کے 14 ہزار فوجی افغانستان میں موجود ہیں جبکہ نیٹو افواج اس کے علاوہ ہیں۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ افواج اسی صورت کم کی جائیں گی جب طالبان دوبارہ افغان سرزمین امریکہ کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی گارنٹی دیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ وہ ایک کروڑ لوگوں کو مار کر جنگ نہیں جیتنا چاہتے ۔ امریکی صدر نے افغانستان کو دہشتگردوں کی ہارورڈ یونیورسٹی بھی قرار دیا۔خیال رہے کہ آج یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پاگیا ہے ۔ طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے ان کے 98 فیصد مطالبات مان لیے ہیں۔