لاہور(ویب ڈیسک ) وزیر اطلاعات و ثقافت اور صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے حکومت کی ایک سال کی کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے کسی وزیر کے بارے میں کوئی ایک مالی یا بے ضابطگی کا سکینڈل سامنے نہیں آیا، پنجاب حکومت نے ایک روپے کا بھی قرضہ نہیں لیا اور نواز لیگ کی سابق حکومت کی طرف سے چھوڑے گئے 1.2 ٹریلین روپے کے قرض کو اتارنے اور اپنے وسائل سے کام کرنے کی نیک نیتی سے کوشش کی ہے ۔ ن لیگ کے چھوڑے 1.2ٹریلین روپے کے قرض کو اتارنے کی کوشش کی،ایک روپے کا نیا قرضہ نہ لیا، انڈسٹریل پالیسی لائے شاہانہ پروٹوکول ختم، وزیر اعلیٰ دفاتر کے اخراجات 60فیصد کم، مظفر گڑھ لیہ اکنامک زون گیم چینجر ثابت ہوگا۔اسی طرح سابق وزیراعلیٰ کے 8 کیمپ آفسز کے مقابلے میں موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شاہانہ پروٹوکول کے بغیر عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کررہے ہیں ۔سابق حکومت میں 325 ارب روپے کے صرف ایک اورنج لائن ٹرین کے منصوبے نے جنوبی پنجاب کے تمام فنڈز ہڑپ کرلئے ، آج نام نہاد وائٹ پیپر شائع کرنے والی ن لیگ جھوٹ، دروغ گوئی اور الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کررہی۔ وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیاکہ صرف پنجاب میں وزیراعلیٰ کے دفاتر کے اخراجات میں 60 فیصد کمی کی گئی ، 2 کروڑ روپے گاڑیو ں کے اخراجات میں بچائے گئے اور 9 کروڑ روپے کے تحائف گھر لے جانے کے بجائے سرکاری خزانے میں جمع ہوئے ہیں ۔پنجاب میں پہلی مرتبہ انڈسٹریل پالیسی اور 4 نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایاگیا، سپیشل اکنامک زون، سمال انڈسٹری، کا ٹج انڈسٹری اور کئی ایسے منصوبے شروع ہوچکے ہیں جو پنجاب کے صنعتی میدان میں انقلاب لائیں گے جنوبی پنجاب کے لئے مظفر گڑھ اورلیہ میں 20 ہزار ایکڑکا سپیشل اکنامک زون کا منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا، 15 دن بعد کسی فیکٹری میں کوئی انسپکٹر مالکان کو ہراساں کرنے کیلئے داخل نہیں ہوسکے گا ، انہوں نے صحت کے شعبے میں9 نئے ہسپتالو ں کا قیام اور 12 بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی سمیت کئی منصوبوں کی نشاندہی کی ،جس سے مریضوں کو بڑے پیمانے پر سہولتیں حاصل ہوں گی۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا تھاکہ ایک دو لاڈلے قیدیوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں تاکہ اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کی خود مختاری وزیراعظم نے سلب کرلی ہے، صوبہ پنجاب اب وفاق کے ذریعے کنٹرول ہو رہا ہے۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وائٹ پیپر جاری کیا گیا ہے۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب میں میڈیا پریس کانفرنس سے خطاب میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے حلقے پر 2ارب خرچ ہوئے مگر لاہور پر ایک روپیہ نہ لگا، اورنج لائن ٹرین 31جولائی تک مکمل نہ ہوسکی۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ وفاق کے ذريعے کنٹرول ہو رہا ہے، پنجاب کی خود مختاری وزیراعظم نے سلب کرلی ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بن سکا اور نہ عليحدہ سیکریٹریٹ کا وعدہ وفا ہوا۔عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت ختم کردی گئی، غریب عوام کیلئے زندگی کو مزید مشکل بنا دیا گیا ہے، ایک سال میں 3 وزیر اطلاعات اور 3 آئی جی تبدیل ہوئے، سال بعد بھی عثمان بزدار اپنی ٹریننگ مکمل نہ کرسکے۔