اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے ایل این جی کیس میں ایک کاروباری شخصیت کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب کراچی کی ٹیم نے اقبال زیڈ احمد کو لاہورکشمیر روڈ سے گرفتار کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال زیڈ احمد کو لاہور سے کراچی منتقل کیا جائے گا اور ان سے ایل این جی کیس میں تفتیش کی جائے گی۔یاد رہے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی سوئی سدرن عمران شیخ ایل این جی کیس میں نیب کی تحویل میں ہیں جہاں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایک خبر کے مطابق نیب نے چوہدری شوگرملز کیس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف اوریوسف عباس کو احتساب عدالت میں پیش کر دیاہے جہاں ان کے مزید پندرہ روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی گئی ہے ۔ نیب اہلکار مریم نوازشریف کو عدالت لے کر پہنچے تو وہاں لیگی کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی ، پولیس نے انہیں پیچھے ہٹانے کیلئے جدوجہد کی لیکن وہ ناکام رہی اور کارکنان نے اہلکاروں کو سائیڈ پر دھکا دے دیا اور کمرہ عدالت میں داخل ہو گئے ۔ اس دھکم پیل کے دوران کارکنان نے ایڈمن عدالت کے معزز جج کی عدالت کا دروازہ بھی ٹوٹ گیا ۔ احتساب عدالت کے جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکلاءسے کارکنان کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی ہدایت کی جبکہ کچھ دیر کیلئے سماعت بھی روک دی ۔احتساب عدالت کے جج نے وکلاءسے کہا کہ اپنے کارکنان کو سمجھائیں ، عدالت کا تقدس پامال نہ کریں ، جس کے بعد کارکنان کو کمرہ عدالت سے نکال دیا گیا اور سماعت دوبارہ شروع کر د ی گئی ۔نیب نے احتساب عدالت میں یوسف عباس اور مریم نوازشریف کے مزید 15 روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی ہے ۔نیب نے احتساب عدالت میں بتایا کہ مریم نوازشریف تفتیش میں تعاون نہیں کر رہی ہیں ۔