کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوگیا، ڈھائی کروڑ ڈالرز کے اضافے سے ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 64 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بدتریج اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبالہ ذخائر میں مزید ڈھائی کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔یوں پاکستان کے موجودہ کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی سطح کو عبور کر گئے ہیں۔ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے باعث حکومت پر بیرونی ادائیگیوں کے بوجھ میں کمی ہوگی۔ جبکہ زرمبادلہ ذخائر ڈالر کی قیمت میں کمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ دوسری جانب جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 156 روپے 38 پیسے ہو گئی۔جبکہ انٹر بینک کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ قدر مستحکم رہنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 156 روپے 50 پیسے کی سطح پر برقرار ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز معمولی مندی رہی اور پورے دن کاروبار میں 0.1 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔ حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 29.96 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 30214.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔اس سے قبل پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیسرے روز زبردست تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد 100 انڈیکس 435 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور تیزی کی وجہ سے 30 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی اور انڈیکس 30244.73 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم جب آج کاروبار کا آغاز ہوا تو سٹاک مارکیٹ میں زبردست دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 500 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 30743.62 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا۔ کاروبار میں تیزی کی طرف جانے والی سٹاک مارکیٹ دھڑام سے نیچے گر گئی اور انڈیکس دوبارہ 30145.35 پوائنٹس کی سطح پر واپس آ گیا۔ تاہم اختتامی لمحات میں انڈیکس میں تھوڑی تیزی دیکھنے میں آئی اور آج کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 29.96 پوائنٹس کی مندی کے بعد 30214.77 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔