لاہور (ویب ڈیسک) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کو دہلی کی تہاڑ جیل میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ یاسین ملک پر دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرنے کا الزام ہے۔ دہلی میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا تعلق پاکستان سے ہے۔ اب وہ کشمیر کی سیاست میں سرگرم ہو چکی ہیں۔یاسین ملک کی گرفتاری کے بعد سے ان کی اہلیہ پورے زور و شور سے ان کی رہائی کے لئے کوشاں ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ کئی ذرائع سے اپنے شوہر کے خلاف مثبت ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔یاسین ملک نے 2009 میں مشعال حسین ملک سے شادی کی تھی۔ مشعال ملک یاسین ملک کی تقریروں سے کافی متاثر ہوئی تھیں۔ ایک مرتبہ اتفاقاً دونوں پاکستان میں تھے جب مشعال کی یاسین ملک سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے یاسین ملک سے آٹوگراف مانگا۔مشعال بتاتی ہیں کہ یاسین نے جس انداز میں آٹوگراف دیا، وہ مجھے بہت اچھا لگا۔ اسی کے بعد دونوں میں محبت ہوگئی اور پھر شادی۔ تین سال بعد دونوں کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام رضیہ سلطان ہے۔یاسین کی اہلیہ مشعال شادی سے پہلے ایک مشہور پینٹر تھیں۔ انہوں نے یہ شہرت نیوڈ پینٹگز کے ذریعے حاصل کی تھی۔ اگرچہ مشعال ملک پاکستانی نژاد ہیں لیکن ان کی تعلیم جنوبی انگلینڈ میں ہوئی ہے۔ مشعال ملک نے لندن اسکول آف اکنامکس سے اقتصادیات میں گریجویشن کی ہے جبکہ ان کے والد ایم اے حسین پاکستان کے مشہور ماہر اقتصادیات ہیں۔ مشعال کی والدہ سیاست مین سرگرم رہی ہیں۔مشعال حسین کی یاسین ملک سے ملاقات کا اہتمام بھی ان کی والدہ ہی نے کیا تھا۔ مشعال ہندوستان میں اس وقت نمایاں ہوئی تھیں جب وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ دہلی آئی تھیں لیکن دہلی کے بیشتر ہوٹلوں نے یاسین ملک سے وابستگی کے باعث انہیں کمرہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔