لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17واں اجلاس ہوا ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17واں اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں 15نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے’احساس‘ پروگرام سے متعلق بریفننگ دی۔کابینہ نے ’احساس‘ پروگرام کے تحت پنجاب اور وفاق کے درمیان اشتراک کار بڑھانے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ نے غیر فعال لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی بند کرنےکی بھی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے اپنے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ کو پبلک سیکٹر کی دیگر کمپنیوں سے متعلق حتمی رپورٹ بھی جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔پنجاب کابینہ کے 17ویں اجلاس میں کئی اہم فیصلے ان کا کہنا ہے کہ دیگر سرکاری کمپنیوں کے مستقبل کا فیصلہ رپورٹ آنے پر کیا جائے گا۔کابینہ نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے پہلے مرحلے، پبلک سیکٹر انٹر پرائزز مالی سال 2018-19ء کے آڈٹ اور پبلک سیکٹر کمپنیز والیم 3 مالی سال2017-18ء کے حوالے سے آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹس اور چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے وائس چانسلر کے تقرر ، 194 شہری اور 3316 دیہی لوکل گورنمنٹ اداروں کے فنڈز کے استعمال کے لیے حکمت عملی، لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس ایکٹ 2019ء کی منظوری بھی دی گئی۔اس ایکٹ کی منظوری سے وراثتی سرٹیفکیٹس نادرا سے جاری ہوں گے۔کابینہ نے صوبائی سطح پر لاء ریفارمز متعارف کرانے اور پنجاب سوشل پروٹیکیشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے سیلاب اور دریاؤں کے کٹاؤ کے باعث دیہات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 16ویں اجلاس اور کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کے12ویں اور 13ویں اجلاس کےفیصلو ں کی توثیق بھی کی گئی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں پیشرفت کے لیے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی زونز میں معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے معیشت مضبوط ہوگی۔