لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہسپتالوں میں سی بی سی سمیت ڈینگی کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے،انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں،جہاں کوتاہی نظر آئی
وہاں پر فوری ایکشن ہوگا، میں خود بھی فیلڈ میں نکل کر انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لوں گا،مجھے عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں، خانہ پری نہیں چلے گی جبکہ غلط رپورٹنگ کرنے والے عہدوں پر نہیں رہیں گے،ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد چاہیئے اورجو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہارکیا گیا۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی بریگیڈ کوفی الفور فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی بریگیڈ کی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آنی چاہیے اور ماہرین کی رائے سے جن علاقوں میں ضرورت ہو وہاں پر فوگنگ یا سپرے کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے واک ان انٹرویوز کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرز، نرسز اور ضروری سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پر میل نرسز کو بھی بھرتی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کیلئے فوری طور پر 3 موبائل ہیلتھ یونٹ بھجوانے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے فلٹر کلینکس کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی کی انسداد ڈینگی مہم میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی ریڈ زون علاقوں میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے ڈرافٹ بل تیار کر لیا گیا ہے جسے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری عاصم چیمہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاءبرادری کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔