اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب کرلیا، عثمان بزداروزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شریک ہوں گے ، وزیراعلیٰ صوبے کی صورت حال سے متعلق وزیراعظم کوبریف کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے ۔ واضح رہے کہوزیراعظم عمران خان اپنا دورہ امریکا مکمل کرکے گزشتہ روز وطن واپس پہنچے تھے جہاں وزیراعظم نے اسلامو فوبیااور کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا،وطن واپسی پر ان کا اسلام آبادایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آج وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مابین ملاقات ہو گی جس میں پنجاب میں کی جانے والی متوقع تبدیلیوں پر مشاورت کی جائے گی۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب کابینہ کا بیٹنگ آرڈر پھر تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔میاں اسلم اقبال سے اطلاعات کا اضافی قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب بلدیات اور جنگلات کا نیا وزیر لگانے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیلیوں کا گرین سگنل دے دیا۔جب کہ اسی حوالے سے معروف صحافی عمران یعقوب کا پنجاب کابینہ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ واقفان حال نے خبر دی ہے کہ آنے والے دنوں میں پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں اور تین سے چار وزراء کے قلمدان اور محکمے تبدیل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دو نئے چہروں کو بھی وزارت سے نوازا جا رہا ہے اسی طرح دو نئے چہرے پنجاب کابینہ میں شامل ہوں گے اور انہیں وزیر بنایا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ دپنجاب کے سات کابینہ اراکین کی وزارتوں کا قلمدان تبدیل کرنے اور نئے مشیر شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا جبکہ بیوروکریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہونے کا بتایا گیا تھا۔