کراچی( نیوز ڈیسک) عائشہ منزل کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا.تفصیلات کے مطابق عائشہ منزل کے علاقے میں مدنی مسجد کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان بحق ہوگیا.پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے، مقتول آصف تحریک انصاف کاسابق عہدے دار تھا.ابتدائی اندازوں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے، البتہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے.پولیس مسجد کے اطراف میں پوچھ گچھ کر رہی ہے، جائے وقوعہ سے گولیاں کے خول اکٹھے کر لیے گئے. جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی.
خیال رہے کہ کراچی میں بے امنی کی تازہ لہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے، ڈکیتوں کی جانب سے شہریوں کو ہلاک کرنے کے واقعات بھی بڑھےہیں.یاد رہے کہ نجی یونیورسٹی کی طالبہ مصباح کو ایک روز قبل موچی موڑ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد وہ اُس کا موبائل لے گئے تھے۔اس حوالے سے پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ واردات میں ملوث دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کی جیوفیسنگ مکمل کرلی گئی ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ میری سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم قتل کیس کی تفتیش کررہی ہے جس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن عرفان زمان، ڈی ایس پی علی حسن، ایس ایچ او غلام نبی آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے قتل سے متعلق اہم شواہد حاصل کرلیے جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش میں مزید معلومات ملنے کا امکان ہے۔