اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی عون چوہدری نے چئیرمین سنسر بورڈ پنجاب کا عہدہ لینے سے معذرت کر لی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عون چوہدری نے نے اس حوالے سے تصدیق بھی کی۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے بتایا کہ میں نے چیئرمین سنسر بورڈ پنجاب کا عہدہ لینے سے معذرت کرلی۔انہوں نے کہا کہ میں بطور ورکر اپنی پارٹی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ خیال رہے کہ عون چوہدری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں ۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعلٰی پنجاب سردارعثمان بزدار نے اپنے مشیر عون چودھری کو عہدے سے فارغ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کے خاص دوست عون چوہدری کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہوئیں اور حکومتی حلقوں میں تو یہاں تک کہا جا رہا تھا کہ اگر عون چوہدری ، جو کہ وزیراعظم عمران خان کے خاص دوستوں میں سے ایک ہیں، کو اس طرح عہدے سے برطرف کیا جا سکتا ہے تو پھر ہم کس کھیت کی مولی ہیں؟ عون چوہدری کو تو اس بات کا علم تک نہیں تھا کہ انہیں برطرف کیا جا رہا ہے۔سیاسی مبصرین بھی عون چوہدری کی اس طرح اچانک ہونے والی برطرفی کو خاص اہمیت دے رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کو مستعفی ہونے کا موقع دیا گیا جب کہ عون چوہدری کو برطرف کیا گیا۔ جبکہ عون چوہدری کی برطرفی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا تھا کہ عون چوہدری کو کام نہ کرنے کے الزام پر ہٹایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق عون چوہدری اپنی ذمہ داریوں کے لئے وقت نہیں نکال پا رہے تھے اسی لیے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔