ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک متوسط اور مڈل کلاس عادت آج بھی اُن میں موجود ہے جسے وہ کبھی بھی خود سے دور نہیں کر سکتیں، پریانکا چوپڑا آج کل بھارت میں ہیں جہاں وہ اپنی نئی آنے والی فلم’دی اسکائی از پنک‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ایک ’مڈل کلاس‘ یعنی متوسط طبقے کےگھرانے میں پیدا ہوئیں تھیں، لیکن آج وہ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں اور امریکی گلوکارو اداکار نک جونس کی اہلیہ ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے کئی بار ثابت کیا کہ وہ اب بھی اپنی جڑوں سے جُڑی ہوئی ہیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ سے اُن کی متوسط طبقے کی عادت کے بارے میں پوچھا گیا کہ ’وہ کون سی مڈل کلاس عادت ہے جو انہوں نے اب تک نہیں چھوڑی؟ ‘ اس کے جواب میں پریانکا نے کہا کہ انہیں ’اچار‘ ہر کھانے کے ساتھ کھانا بے حد پسند ہے، یہاں تک کہ وہ سینڈوچ کے ساتھ بھی اچار کھاتی ہیں۔ پریانکا نے مزید کہا کہ اگر آپ چیز سینڈوچ کھا رہے ہوں اور ساتھ میں آپ کے پاس آم کا اچار ہو تو سینڈوچ کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ دوران انٹرویو پریانکا نےاپنی ایک اور متوسط طبقے کی عادت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے ’سیل‘ کی تلاش کرتی ہیں کیونکہ اُن کے خیال میں رقم کی بچت ایک فن ہے۔ شونالی بوس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی اسکائی از پنک‘ کی کہانی مصنفہ اور محرک اسپیکر عائشہ چوہدری کی حقیقی زندگی پر مبنی ہے۔جو پیدائشی طور پر مدافعتی کمی اور نظام ہاضمہ کی موروثی بیماری میں مبتلا تھیں، جس وجہ سے اُن کے پھیپھڑوں میں کینسر سمیت دیگر اعضاء میں بھی موروثی بیماریاں پیدا ہوگئیں تھیں۔ پیدائشی طور پر موروثی بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود عائشہ چوہدری دنیا بھر کے دیگر افراد کو حوصلہ دلاتی رہیں اور انہوں نے بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی کئی پروگرامز میں شرکت کی۔ زندگی کی مشکلات کا بہادری سے سامنا کرنے والی عائشہ چوہدری 3 سال قبل 2015 میں 18 سال کی عمر میں چل بسیں۔ عائشہ چوہدری نے اپنی کتاب میں خود کو زندگی میں پیش آنے والی مشکلات، ملنے والے حوصلے، اپنے جذبات اور کامیابی پر کتاب لکھی، جس نے مقبولیت حاصل کی اور اب اسی کتاب پر ’اسکائی از پنک‘ فلم بن رہی ہے جو زائرہ وسیم کی آخری فلم ہوگی۔ فلم میں پریانکا چوپڑا کے علاوہ فرحان اختر، زائرہ وسیم اور روہت شراف مرکزی کردار میں نظر آئیں گےجبکہ فلم رواں سال 11 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔