کراچی (ویب ڈیسک)ترکی اور پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز پر فلمایا گیا پاکستان کا میگا بجٹ ڈرامہ سیریل’’الف‘‘ اپنی دلچسپ کہانی اور فنکاروں کی بہترین کردار نگاری کے باعث شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔
ڈرامے کی کہانی شوبز کی رعنائیوں،جونیئر فنکاروں کی مشکلات اور عام زندگی کی تلخیوں کا بہترین اندا ز میں احاطہکرتی ہے ۔ جیو کے اس ڈرامہ سیریل’الف‘ جیسے میگا پروجیکٹ میں کام کرنے کے بعد یشما گل نے اپنے مداحوں کو نیا تحفہ دے دیا ۔یشما گل نئے ڈرامہ سیریل ’شام سے پہلے‘ میں مقبول اداکار فیصل قریشی کے مد مقابل اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔باصلاحیت اداکارہ یشما گل ڈرامے میں عانیہ نامی لڑکی کا کردار نبھائیں گی جو کہ ایک اچھے دل کی مالک ایسی لڑکی ہے جو رشتے کی پیچیدگیوں میں پھنس کر رہ جاتی ہے۔ڈرامہ ’شام سے پہلے‘ اعجاز اسلم کی پیش کش ہے، اس کےڈائریکٹر نجف بلگرامی ہیں جبکہ کہانی صائمہ اکرم چوہدری نے تحریر کی ہے۔اپنے نئے پروجیکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے یشما گل کا کہنا تھا کہ میں اس پروجیکٹ کو لے کر کافی پرجوش ہوں کیوں کہ اس ڈرامے میں میرا کردار انتہائی مختلف ہے جو اس سے پہلے میں نے کبھی نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے میں میرے مد مقابل فیصل قریشی ہیں جو کہ اپنی ذات میں ایک ادارے کا مقام رکھتے ہیں۔یشما گل نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہےکہ مجھے ہر روز کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کو ملے گا۔یاد رہے کہ باصلاحیت اداکارہ نے بہت کم عرصے میں اسکرین پر ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے، ان کے مداح اُنہیں آج کل حسیب حسن کے پروجیکٹ ’الف‘ میں دیکھ سکتے ہیں۔