کراچی(ویب ڈیسک) مارکیٹ میں آج امریکی کرنسی پھر مہنگی، انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 5 پیسے اضافہ ہو گیا، سٹاک مارکیٹ میں 505 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔ مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پر ڈالر کا ریٹ پھر چڑھ گیا،
انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے مہنگا ہونےکے بعد 155 روپے 95 پیسے پر ٹریڈ ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں 505 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 364 پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملکی مالیات برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے سبب مشکلات کا شکار ہیں، حکومت جب تک مثبت معاشی پالیسیوں پر مستقل مزاجی سے عملدرآمد نہیں کرتی، روپے کی قدر میں کمی کی سطح برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارے میں 34.85 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق تجارتی خسارہ جولائی سے ستمبر تک 5 ارب 72 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال جولائی تا ستمبر تجارتی خسارہ 8 ارب 79 کروڑ ڈالر تھا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تا ستمبر برآمدات میں 2.75 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، اور پہلی سہ ماہی میں برآمدات 5 ارب 52 کروڑ ڈالرز رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدات میں 20.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور جولائی تا ستمبر درآمدات 11 ارب 25 کروڑ ڈالرز رہیں۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ستمبر 2019 میں برآمدات میں 2.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ ایک ارب77 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ ستمبر میں درآمدات میں 13.90 فیصد کمی ہوئی اور درآمدات 3 ارب 78 کروڑ ڈالر رہیں، تجارتی خسارہ 2 ارب ڈیڑھ کروڑ ڈالرکم ہوا۔