راجن پور( نیوز ڈیسک ) ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری میں عربی ٹبہ کے قریب کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دہشتگردوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں پولیس کے 2 اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے ۔ ڈی پی او راجن پور احسن سیف اللہ
نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایاکہ دہشت گردوں کی علاقہ میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس اہلکار ان کی تلاش میں جا رہے تھے کہ راستے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں ایلیٹ فورس کے اے ایس آئی ثقلین اور ہیڈ کانسٹیبل علمدار شاہ کے علاوہ ثاقب، زاہد اور نواز شبانی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہید ہونیوالوں کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ ملزمان ریلوے ٹریک پر بارودی مواد رکھنے کے علاوہ دہشتگردی کے دیگر واقعات میں ملوث ہیں۔