پنجاب کے عوام کو شہباز شریف سے محروم کر کے عوام کو بدترین صورتحال سے دوچارکرنا بدقسمتی ہے، چوہدری شمشاد احمد
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے مرکزی راہنما چوہدری شمشاد احمد آف بھائوگھسیٹ پور نے کہا ہے کہ خادم پنجاب شہباز شریف جیسے عظیم لیڈر سے محروم کر کے پنجاب کے عوام سے بدلہ لیا جارہا ہے۔ پنجاب سپیڈ کا خطاب پانے والے انتھک لیڈر پر جھوٹے مقدمات بنا کر قوم کو کیا پیغام دیا جارہا ہے کہ اس ملک میں محنت اورایمانداری کا یہ صلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب پنجاب کے لگائے ہوئے منصوبوں کی دوسرے صوبوں نے تقلید کی اور اب ایک یہ وقت ہے کہ ڈیڑھ سال بعد بھی پنجاب میں کوئی نیا منصوبہ نہیں بلکہ پرانے منصوبوں پر نئی تختیاں لگ رہی ہیں۔ بی آرٹی بنانے والوں نے صوبہ پنجاب کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ملتان میٹرو پر کرپشن کا الزام لگانے والوں نے ملتان میٹرو کی نگرانی کرنے والے بیوروکریٹس کو دوبارہ اہم مقامات پر تعینات کر کے تھوک کر چاٹا ہے اور اپنی ناکامی اورمحترم شہباز شریف کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف کرلیا ہے۔