جمہوریت کے علمبردار مردحُر آصف علی زرداری کی رہائی جمہوریت کی فتح ہے، زاہد عباس شاہ
برلن؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر زاہد عباس شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کے علمبردار مردحُر آصف علی زرداری کی رہائی جمہوریت کی عظیم فتح ہے، پاکستان کا موجودہ جمہوری نظام سابق صدر آصف علی زرداری کے مرہون منت ہے انہوں نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ان کےمخالفین نے ہمیشہ منہ کی کھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظام عدل نے ہمیشہ سابق صدر آصف علی زرداری کا امتحان لیا ہے ان کے صبرواستقامت اوربرداشت اوربلوچ غیرت کو آزمایا ہے۔ ان کو صوبوں کی خودمختاری کیلئے اٹھارہویں ترمیم لانے کی سزا دی گئی ہے۔ جبکہ پاکستان میں صوبوں میں جو احساس کمتری پایا جاتا ہے سابق صدر نے اس کا یکسر خاتمہ کیا اور سرحد کو خیبرپختونخوا کا نام دے کر اسے پہچان دی ۔ ملک میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ آرمی آپریشن کرایا گیا یہ سب جمہوری روایات سابق صدر آصف علی زرداری کے مرہون منت ہیں ان کی رہائی سے جمہوری حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔