پی آئی سی واقعہ وسیم اکرم پلس اورکابینہ کی غیر سنجیدگہ اورنااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، شیخ جاوید طارق
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر شیخ جاوید طارق نے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اکرم پلس پنجاب کیلئے رمیز راجہ ثابت ہورہے ہیں ۔ من پسند تبادلوں اور اکھاڑ پچھاڑ کے بعد بھی ایسے واقعات رونما ہونا ثبوت ہے کہ انتظامیہ کو چلانے والے ہی بے کار ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بہت حد تک بیڑہ غرق ہوچکا ہے۔ پنجاب بیوروکریسی کو شٹل کاک بنا کر رکھا گیا مگر پھر بھی حکومت کی نااہلی نہ چھپ سکی اور پی آئی سی جیسے ادارے بدترین نشانہ بنے اورصوبے کو خانہ جنگی کی طرف دکھیل دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وسیم اکرم پلس جنوبی پنجاب میں مافیاز کے ذریعے کرپشن کے علاوہ کسی بھی قسم کی کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آرہے ہیں، تحریک انصاف نے بھی اگر جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کرنی ہے تو یہ بدنیتی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔