اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گرفتاری کی صورت میں میں لیاقت باغ جلسہ سنگین تصادم کی صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ قومی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گرفتاری کی صورت میں لیاقت باغ راولپنڈی میں 27 دسمبر
کا جلسہ سنگین تصادم کی صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ گرفتاری کی صورت میں پیپلز پارٹی کے جیالے بھرپور مذمت کریں گے۔جلسے میں بینظیر بھٹو شہید کی آخری تقریر بھی چلائی جائے گی۔اس حوالے سے حساس اداروں نے رپورٹ مرتب کرلی ہے اور بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی نے بینظیر کی برسی بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کررکھی ہیں۔پی پی قیادت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی رہنماؤں کو ایک لاکھ جیالے لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے جس کو پورا کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔بلاول بھٹو 12 سال بعد بینظیر کی جائے شہادت پر پہلی دفعہ یاد گار جلسہ کریں گے۔شہر میں بل بورڈ آویزاں کر دیئے گئے ہیں جس پر بی بی شہید کی تصاویر ہیں۔خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ روز 24 دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تمام کیسز کو مسترد کرتا ہوں، مجھے گرفتارکیا گیا تو زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا، 27 دسمبر کو لیاقت آباد میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی ضرورمنائیں گے۔مجھے 24 دسمبر کو طلبی کا نوٹس ملا ہے، نیب کے لیے ہمارا مئوقف سب کے سامنے ہے، لیکن پورے ملک کو پتا ہے کہ میں نے 27 دسمبر کو کیا اعلان کیا ہے؟ میں نے ملک بھر میں بتایا ہوا ہے کہ 27 دسمبر کو لیاقت آباد میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی منائیں گے، لیکن حکومت ایک بیٹے کو اپنی والدہ کی برسی منانے سے روک رہی ہے۔ حکومت ہمیں جلسہ کرنے کی کوئی سہولت بھی نہیں دے رہی ہے۔