لاہور (نیوز ڈیسک ) گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے میں ن لیگ کے ووٹرز نے مریم نواز کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، سروے نتائج کے مطابق 49 فیصد لیگی کارکن اور ووٹرز شہباز شریف کو پارٹی قائد دیکھنے کے خواہاں، جبکہ نواز شریف کی صاحبزادی کو صرف 12 فیصد ووٹرز اور کارکنوں کی
حمایت حاصل ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق مختلف معاملات پر عوام کی رائے جاننے کی سروے کروانے والے ادارے گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک اور سروے کروایا گیا ہے۔گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور ووٹرز سے سوال کیا گیا کہ نواز شریف کی غیر حاضری میں کس رہنما کو پارٹی کی قیادت سنبھالنی چاہیئے۔
اس سوال کے جواب مین 49 فیصد لیگی ووٹروں نے نواز شریف کی غیر موجودگی میں شہباز شریف کو قائدانہ صلاحیتوں کا مالک قرار دیا۔سروے رپورٹ کے مطابق رائے کا اظہار کرنے والوں کی اکثریت یعنی تقریباً 49 فیصد لیگی ووٹروں کے مطابق نواز شریف کی غیر موجودگی میں شہباز شریف پارٹی کی قیادت اچھی طرح سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جبکہ ووٹرز اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرنے سے گریز کیا۔ سروے کے دوران صرف 12 فیصد لوگوں نے مریم نواز کے حق میں رائے کا اظہار کیا۔
جبکہ 14 فیصد لوگوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کیلئے میاں نوازشریف کے علاوہ کوئی دوسرا رہنما اہل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ 2017 میں نواز شریف کو انتخابی سیاست میں حصہ لینے اور پارٹی کی قیادت کرنے کیلئے نااہل قرار دیے جانے کے بعد پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالنے کیلئے مختلف رہنماوں کے درمیان رسا کشی جاری ہے۔ذرائع بتاتے ہیں مسلم لیگ ن اس وقت 2 واضح گروپوں میں تقسیم ہے، ایک گروپ شہباز شریف کا جبکہ ایک گروپ مریم نواز کاہے۔ اب ن لیگ کے کارکنوں اور ووٹرز کی اکثریت نے فیصلہ سنایا ہے کہ وہ شہباز شریف کو ہی پارٹی کی قیادت کیلئے سب سے بہترین امیدوار سمجھتے ہیں۔