ورلڈکپ :آسٹریلوی ہائی کمشنر کی پاکستانی وویمن ٹیم سےملاقات
اسلام آباد(رپورٹ اصغر علی مبارک، نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ، ڈاکٹر جیفری شا نے آج پاکستان کی ورلڈ کپ آسٹریلیا میں شرکت کیلئے جانے والی نیشنل ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 21فروری سے ،موجودہ چیمپئن آسٹریلیا چھ شہروں میں دس ٹیموں اور 23میچوں کی میزبانی کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا ، “آج پاکستان کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم سے ملنا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ میری خواہش ہے کہ ٹیم کا آسٹریلیا میں قیام عمدہ رہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا پرتپاک آسٹریلوی استقبال کیا جائے گا۔ اور ہمیں یقین ہے ہم کچھ شاندار کرکٹ میچ دیکھیں گے ۔”
آسٹریلوی ہائی کمشنر شا نے کہا کہ آسٹریلیا میں خواتین کے کرکٹ کے لئے یہ ایک بڑا سال ہوگا۔ “آسٹریلیا کرکٹ کھیلنے والا پہلا ملک ہوگا جو انعام کی رقم میں صنفی فرق کو ختم کردے گا۔ اس سال کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ، کرکٹ آسٹریلیا جیتنے والی خواتین کی ٹیم کے لئے انعامی رقم کو ان کے مردوں کی ٹیم کے برابر کردے گا ،” ڈاکٹر شا نے کہا۔ہائی کمشنر نے پاکستان سے آنے والے شائقین اور زائرین کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ‘# فل دی ایم سی جی’ مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا ، “ہم ورلڈ کپ کا فائنل میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کر رہے ہیں ، جو دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے ۔ اس اقدام کے زریعے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم خواتین کے کھیلوں میں سب سے زیادہ تماشائیوں کا ریکارڈ قائم کریں۔”خواتین کے کھیلوں میں تماشائیوں کا موجودہ ریکارڈ 90 ہزار ایک سو پچاسی ہے ، جو امریکہ میں فیفا ویمنز ورلڈ کپ ۱۹۹۹ کے فائنل میں قائم کیا تھا۔ “ہمارا مقصد اس رکارڈ کو توڑنا ہے،” انہوں نے کہا۔تقریب میں موجود ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے منتخب ہونے والے کھلاڑی ، پاکستان قومی خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی چیئر عروج ممتاز ، ٹیم کے کوچز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر ممبران موجود تھے۔ پاکستانی ٹیم 31جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 26 فروری کو مانوکا اوول کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گی۔