کراچی(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سمندری امور کے بارے میں ایسی خبریں منظر عام پر آئی ہیں کہ انہوں نے اپنے خلاف ایک رپورٹ جاری نہ کرنے کے لئے ایک ٹی وی اینکر کے گھر کا دورہ کیا ہے۔اپنی یوٹیوب ویڈیو میں انکشاف کرتے ہوئے تجزیہ نگار رؤف کلاسرا کا کہنا تھا کہ اینکر
ارشد شریف نے وفاقی وزیر علی حیدرزیدی کے خلاف ایک خبر تیارکی ہے۔تفصیلات بتاتے ہوئے روف کلاسراکا کہنا تھا کہ ارشد شریف نے علی حیدرزیدی کے خلاف ان کے غیر ملکی کاروبار کے دیوالیے کی تفصیلات نکال لی تھیں جس پر انہیں بھاری ڈالر بھی ادا کرنے پڑے ہیں اور اب وہ اس خبر کو اپنے پروگرام میں بریک کریں گے۔ لیکن اس سے پہلے کے ارشد شریف خبر بریک کرتے، وفاقی وزیر علی حیدرزیدی نے ان کے گھر کا دورہ کیا او ر اس میں انہیں منانے کی کوشش کی کہ وہ ایسی رپورٹ نشر نہ کریں جس کے بعد ان کے خلاف کسی قسم کے سوالات اٹھائے جائیں۔واضح رہے کہ ویڈیو کے آغاز میں روف کلاسرا نے بتایا تھا کہ ارشد شریف اور علی حیدر زیدی کی ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی جس کے بعد وفاقی وزیر نے معروف اینکر سے ان کے گھر آنے کی خواہش ظاہر کی اور وہ ارشد شریف کے گھر تشریف لے گئے۔
اس ملاقات کے بارے میں جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق علی حیدر زیدی اینکر ارشد شریف کے گھر اس لئے گئے تھے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ارشد شریف نے جو تحقیقاتی رپورٹ ا ن کے سابق بزنس کے بارے میں تیار کی ہے وہ کسی صورت نشر نہ کی جائے کیونکہ اس سے ان کے سیاسی کیرئیر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔اس بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی کہ کیا اب ارشد شریف یہ خبر اپنے پروگرام میں بریک کریں گے یا نہیں۔