لاہور (ویب ڈیسک) کنگ آف کامیڈی امان اللہ خالق حقیقی سے جاملے، اہلخانہ کے مطابق امان اللہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔ انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
گزشتہ ماہ بھی امان اللہ خان کو طبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا مرحوم امان اللہ سٹیج، مزاحیہ اداکاری اور ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے۔ واضح رہے کنگ آف کامیڈی امان اللہ طویل عرصہ نجی چینل ( دنیا نیوز) سے وابستہ رہے، ان کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ خیال رہے امان اللہ 1950کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔