کراچی(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے سینئر سیاستدان فاروق ستار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے کراچی میں سینئر سیاستدان اور ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگی وفد نے فاروق ستار کو میاں صاحبان کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور پارٹی میں شمولیت کی بھی دعوت دی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ لیگی وفد نے فاروق ستار کو جمہوریت کے فروغ اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی بھی دعوت دی۔ ن لیگ کے وفد کا کہنا تھا کہ آپ کا ملکی سیاست میں بہت اہم رول ہے، آپ کی پارٹی میں شمولیت سے جمہوریت کو فائدہ ہوگا اور ہمیں بھی آپ سے سیاست سیکھنے کا موقع ملے گا۔ لیگی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے گروپ کے ساتھ ملنے آئے بہت اچھا لگا، ہم ایک دوسرے کو 30 سال سے جانتے ہیں، پارلیمان میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی ایک عام شہر نہیں یہ پاکستان کا دل ہے، یہ شہر ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، کراچی کو (ن) لیگ نے بہت سے منصوبے دیے ہیں لیکن اب وہ سلسلہ بدقسمتی سے رک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے سامنے اپنی باتیں رکھیں اور ان کی باتیں سنیں، یہ پہلا موقع ہےکہ سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ نہیں ہورہا، ڈائیلاگ کے لیے سب سے پہلے حکمران جماعت ہاتھ بڑھاتی ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف اور غیر جابندارانہ انتخابات ہونے چاہئیں، اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اس دوران احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) فاروق ستار کے بزرگوں کی جماعت ہے، انہیں پارٹی میں دعوت دینےکی ضرورت نہیں۔ احسن اقبال کے بیان پر فاروق ستار نے جواباً کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو اپنا بزرگ مانتا ہوں۔