کراچی (ویب ڈیسک) معروف اداکار، ہدایتکار، مصنف و گلوکار طاہر جبار نے اپنی نئی ٹیلی فلم “لبرل آنٹی” ریلیز کردی۔ ٹی جے پروڈکشن کے بینر تلے تیار کی گئی اس ٹیلی فلم کو گذشتہ روز سوشل میڈیا پر ریلیز کیا گیا۔ جس کے رائیٹر، ڈائریکٹر، پیشکار طاہر جبار ہیں، فلم کی کاسٹ میں طاہر جبار،علیزہ مغل، عبدالصمد، طفیل مہران اور نورین شامل ہیں۔ فلم کے ڈی او پی عظیم شہزاد جبکہ پراجیکٹ مینجرعامر رضا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ملاقات کے دوران طاہر جبار نے بتایا کہ “لبرل آنٹی” میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگانے والیوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے اللہ نے عورت کو معاشرے میں عزت اور مقام سے نوازا ہے مگر جب وہ لبرل آزادی کی بات کرتی ہے تو اس عزت اور تکریم کے دائرے سے باہر نکل جاتی ہے، یہ فلم انہی کے لیے تیار کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر جبار نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ اب تک جن لوگوں نے فلم دیکھی ہے ان کے پازیٹو ویوز مل رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی یہ پازیٹو ہی رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں نے یہ فلم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تو مجھے بہت زیادہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً ایسی لبرل آنٹیوں کا۔ مگر میں نے ہار نہیں مانی اور فلم بنا کر ہی چھوڑی اس فلم میں سب کے لیے ایک پیغام ہے کہ آزادی ایک حد تک اچھی لگتی ہے جب حد کراس ہوتی ہے تو نقصان اور ناچاقی شروع ہوجاتی ہے۔ طاہر جبار نے مزید کہا کہ ٹی جے پروڈکشن نے ہمیشہ معاشرتی مسائل کو ڈسکس کیا ہے اور اپنی پروڈکشنز میں ان کے بارے میں آگاہی دی ہے جسے عوام نے ہمیشہ سراہا ہے۔