اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) معروف عالم دین طارق جمیل نے کہا ہے کہ میں نے سابق وزیر اعم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ شہبا زشریف کیلئے حرم ،روضہ رسول اورطواف میں دعائیں کی۔ میں نے نوازشریف کی اہلیہ کی نماز جنازہ پڑھی تو تحریک انصاف کے کارکنوں نے چڑھائی کر دی۔ ایک انٹر ویو میں ان کا کہنا تھا کہ 1992 سے بادشاہوں سے ملاقات کررہا ہوں،میں نے ہر دور کے حکمرانوں کیلئے دعائیں کی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر میں پاکستان میں موجود نہ تھا، واپس آیا تو بے نظیر اور ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر جا کر دعا کی اور اس دعا میں پورے بھٹو خاندان کو شامل کیا۔ان کا کہنا تھا اُس وقت میڈیا اتنا سرگرم نہیں تھا خبر باہر نہیں آتی تھی ورنہ تب بھی میری وابستگی سیاست کے ساتھ جوڑی جاتی۔طارق جمیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تعریف کے قابل ہیں ، غلطیاں ہر انسان میں ہوتی ہیں۔ عمران خان کی تعریف کرنے پر مجھے جمعیت کے علماء کی جانب سے بھی گالیاں دیں گئیں۔طارق جمیل کا کہنا ہے کہ اللہ نے مجھے اتنا کچھ دے رکھا ہے کہ اگلی نسلیں بھی آرام سے کھا سکتیں ہیں ، میں کسی کا چمچہ نہیں بنا۔وزیراعظم عمران خان کیلئے دعا کی تو مجھے مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے گالیاں دی، ان کاکہنا ہے کہ میرا کام سب کے پاس جا کر اللہ کا پیغام سنانا ہے۔ کورونا وائرس فنڈز میں زکوۃ دینے سے متعلق کہا کہ موجودہ صورتحال میں زکوۃ دینا کا بہت بڑا اجر ملے گا۔ طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میرا کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لوگوں میں شعور ہے نہ علم ہے اور نہ ہی برداشت ہے۔ چند دن قبل ایک ساتھی نے مجھے فون پر بہت بدتمیزی کی ،مگر میرے دل میں اس ساتھی کے لئے بھی کوئی بُرائی نہیں۔