اسلام آباد(ایس ایم حسنین)پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سمندری شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اوربلیو اکانومی کو آگے بڑھانے کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں، اس بات پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر روزن ہولم کی جمعرات کے روز ملاقات میں اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سمندری شعبے میں قریبی ہم آہنگی اور تعلقات کو مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال کیا گیا کیونکہ ڈنمارک دنیا میں سمندری بحری جہازرکھنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے اور پاکستان اس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے سفیر کو پاکستان کے سمندری شعبے میں ہونے والی ترقی اور پیشرفت سے آگاہ کیا اور پاکستان میں بلیو اکانومی کے تصور کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے نظریہ اور منصوبوں کے متعلق بھی بتایا۔سفیر روزن ہولم نے بحری امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان میں سمندری شعبے کو مزید ترقی دینے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نیز سفیر نے وفاقی وزیر علی زیدی کا استقبال کرنے اور تعمیری ملاقات کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔