کراچی (نیوز ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے فردوس عاشق اعوان کو مشیر اطلاعات کے عہدے سے فارغ کیا تو ان کیلئے سیاست کا سفر اب مزید مشکل ہو تا چلا جارہاہے کیونکہ انہوں نے عہدے سے ہاتھ دھونے کے بعد پیپلز پارٹی سے رابطے بحال کرنے کی کوشش کی تو آگے سے کورا جواب مل گیا ۔نجی ٹی وی 24 نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد سیاسی را بطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیاہے اور اس حوالے سے جب انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کیلئے کوششیں شروع کیں تو انہیں صاف جواب دے دیا گیا یعنی بلاول بھٹو زرداری نے صاف انکار کر دیا ۔اس سے قبل یہ خبریں بھی میڈیا میں گردش کر تی رہیں کہ انہوں نے دورہ سندھ سے واپسی پر سرکٹ ہاﺅس میں قیام کرنے کی کوشش کی اور اس دوران انہوں نے متعلقہ عملے کے ساتھ بدتمیزی بھی کی ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ فردوس عاشق اعوان بغیر اطلاع کے سرکٹ ہاﺅس پہنچیں اور ان کیلئے کمرہ کھولنے کیلئے کہا لیکن انہوں انکار کر دیا ۔خیال رہے کہ پوزیر اعظم عمران خان نے مشیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹا کر فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو اس عہدے پر تعینات کر دیا تھا جبکہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا جس میں فردوس عاشق اعوان کو فوری ان کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا۔شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان ہیں اور حکمراں جماعت تحریک انصاف کے اہم رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے حلف اُٹھا کر اپنے ذمہ داریاں نبھانے کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف چیئرمین سی پیک لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔