ریاض(یس اردو نیوز)کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے دنیا بھرمیں سماجی فاصلوں کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاہم ماہ مقدس اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ عیدالفطر قریب ہے تو ایسے میں عید نماز کے اجتماعات کے انعقاد کے حوالے سے کئی باتیں سامنے آرہی ہیں۔
اس حوالے سےعرب خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی مفتی اعظم اور سعودی سائنٹیفک اینڈ ریسرچ کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز الشیخ نےکہا ہے کہ عید کی نماز گھر پر ادا کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا غیر معمولی حالات میں اور موجودہ عالمی وبا کی صورتحال میں عید کی نماز گھر پر ادا کرنا مناسب عمل ہے۔ جیونیوز کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ گھر پر اکیلا شخص یا ایک سے زیادہ لوگ ملکربھی عید نماز پڑھ سکتے ہیں ۔سعودی مفتی اعظم نے سعودی شہریوں کو عید کی نماز گھروں پر ادا کرنے کی تاکید بھی کی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ اس وقت سعودی عرب میں ایکٹو کیسز کی تعداد28,718 جن میں سے 202 کی حالت تشویشناک ہے۔مملکت بھر میں اموات کی تعداد 312ہو چکی ہے۔