شب قدر کی مبارک رات، اللہ کریم امت مسلمہ اورملک پاکستان کو تمام مصائب وآلام سے نجات دیکر فتح ونصرت کامیابی سے ہمکنار کریں، قاری فاروق احمد گورسی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبرایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے 27 رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نبی آخر الزمان ﷺ کے فرمان کے مطابق جو شخص حالت ایمان میں طلب ثواب کیلئے شب قدر میں قیام کرے اللہ کریم اس کے تمام سابق گناہ بخش دیتے ہیں، تمام اہل ایمان کیلئے توبہ استغفار کی ضرورت آج سے پہلے اتنی زیادہ کبھی نہیں تھی۔ اللہ کریم ہم پر اپنا فضل و کرم کریں اور امت مسلمہ سمیت ہم سب کو ہماری عبادات اورروزوں کی معراج مسجد نبوی اورمسجدالحرام میں حاضریوں کے قابل بنائیں ۔الہی آمین
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کی راتوں میں سے ایک رات شب قدر کہلاتی ہے‘ جو بہت ہی قدر و منزلت اور خیر و برکت کی حامل رات ہے۔ اس رات کو اللہ تعالیٰ نے کیونکہ ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے اور ہزار مہینے کے تراسی برس چار ماہ بنتے ہیں ،اس لئے ’’خیر من الف شھر‘‘ کہہ کر اس امر کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے کہ اللہ کریم جتنا زیادہ اجر عطا فرمانا چاہے گا‘ عطا فرما دے گا۔ اس اجر کا اندازہ انسان کے بس سے باہر ہے۔اس لیے ہم سب کو اپنی زندگی کے اس مبارک موقع پر اپنی مغفرت طلب کرنی چاہیے اور اللہ سے دعا کریں کہ اللہ کریم امت مسلمہ بالخصوص اہل پاکستان کو اس طرح بنا دیں جس طرح ہمارے رب کریم ج کو پسند ہے۔