ریاض(نیوز ڈیسک ) سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی ڈاکٹر کورونا سے زندگی کی بازی ہار گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر عبدالغنی الخبر کے مقامی اسپتال میں ہارٹ اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ چند روز قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ وہ ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ان کے ساتھی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالغنی ایک بہترین معالج تھے، ان کا اپنے مریضوں سے برتاؤ بڑا محبت بھرا اور دوستانہ ہوتا تھا۔ان کی وفات پر ہسپتال کا تمام عملہ بہت سوگوار ہے۔ ڈاکٹر عبدالغنی 40 سال سے سعودی عرب میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ساتھی ڈاکٹروں اور پاکستانی کمیونٹی نے ڈاکٹر عبدالغنی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔صدر پاکستان ڈاکٹر گروپ اسد رومی کا کہنا ہے ڈاکٹر عبدالغنی کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے. واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک پاکستانی سرجن ڈاکٹر نعیم خالد چودھری کورونا کے ہاتھوں دم توڑ گئے تھے۔وہ مکہ مکرمہ کے حرا جنرل ہسپتال تعینات تھے۔ ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے اور مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھو دیاہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔اس کے علاوہ کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں تعینات سعودی ڈاکٹر عادل العثمان کی کورونا کے ہاتھوں موت ہو ئی ہے۔ وہ متعدی امراض کے ماہر تھے۔ ڈاکٹر عثمان نے کچھ روز پہلے ہی الاخباریہ نیوز چینل کے ٹی وی پروگرام میں مقامی باشندوں اور تارکین وطن کو کورونا کے معاملے میں کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کی تھی اور لوگوں کو تاکید کی تھی کہ وہ خود کو گھروں تک ہی محدود رکھیں۔ان کی ایک خاتون ساتھی ڈاکٹر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ڈاکٹر العثمان کا اپنے مریضوں سے بہت محبت بھرا برتاؤ ہوتا تھا۔ اس کے علاوہ سوڈان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد الفلکی کا کورونا وائرس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔ڈاکٹر محمد الفلکی ریاض کی کنگ سعود ی یونیورسٹی کے ماتحت فیکلٹی آف میڈیسن میں بچوں کے کینسر اور خون کے امراض کے نامور معالج تھے ۔سعودی ڈاکٹروں کی سوسائٹی نے ڈاکٹر محمد الفلکی کی وفات پر بہت دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اور ان کی وفات کو ایک بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔ ٹویٹر پر ’محمد الفکی فی ذمہ اللہ‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی بنا دیا گیا جس میں ان کے جاننے والوں نے بتایا کہ محمد الفلکی امراض اطفال کے بہترین معالج تھے۔ وہ کینسر کے مریض بچوں سے انتہائی محبت اور شفقت سے پیش آتے تھے۔ ان سے گپ شپ کر کے ان کا دل بہلاتے اور ان کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کے لیے اپنی سر توڑ کوششوں میں لگے رہتے۔