اسلام آباد(یس اردو نیوز) نصف صدی سے زاہد عرصہ سے بھارتی جبرواستبداد کا شکار کشمیری کل یوم شہدائے کشمیر عقیدت واحترام سے منائیں گے۔مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان شروع کی لیکن مہاراجا کے سپاہیوں نے اس کوگولی مار کر شہید کردیا۔ تاہم اذان کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیا۔واضح رہے کہ مہاراجہ ڈوگرہ کی فوج نے 13 جولائی 1931 کو عبدالقدیر کےخلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیریوں کو شہید کیا تھا، عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکومت کے خلاف متحد ہونے کا کہا تھا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر اورآزادکشمیر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم کشمیری 13 جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر مناتے ہیں۔