اسلام آباد(یس اردو نیوز) پاکستان اورافغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات خوش آئںد ہیں ۔ چین دونوں ملکوں کی جانب سے کوروناوائرس کی وبا کے اثرات پر قابو پانے کے بعد تجارتی تعلقات کی بحالی کو سراہتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے بیجنگ میں معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات دیکھنا چاہتا ہے اور ان کی اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ گوادر کی بندرگاہ اور سی پیک کے دوسرے منصوبے مثبت کردار ادا کررہے ہیں اور ہم اس سلسلے میں پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتےہیں۔ پاکستان نے گزشتہ چند ہفتوں میں افغانستان کے ساتھ دوطرفہ اور راہداری تجارت کےلئے پانچ اہم راستے کھول دئیے ہیں جس کا مقصد جنگ سے تباہ حال افغانستان میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ سرحدی راستے اب ہفتے میں چھ دن چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں تاکہ سرحد پار تجارت کو فروغ دیا جاسکے جو کوروناوائرس کی وبا کےباعث دونو ں ملکوں میں متاثر ہوئے تھے۔