اسلام آباد(ایس ایم حسنین) امریکا نے سو سے زائد پاکستانیوں کی امیگریشن درخواستیں رد کرتے ہوئے انھیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک سو چودہ پاکستانیوں کو امریکا سے ڈی پورٹ کیا جائیگا۔ امریکا سے ملک بدر ہونے والے پاکستانیوں سے متعلق وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، سی اے اے کے مطابق ایس او پی کے تحت طیارے کے عملے کو ایئر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سفارتی ذرایع کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں سے کچھ جرائم میں بھی ملوث رہے ہیں، مذکورہ پاکستانیوں کو ایک نجی ایئر لائن کے ذریعے ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔ اومنی ایئر کا خصوصی طیارہ ہم وطنوں کو لے کر آج 28 جولائی کو اسلام آباد پہنچے گا، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی خصوصی چارٹر طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ خصوصی پرواز او اے ای 423 امریکا براستہ صوفیہ سے اسلام آباد ملک بدر کیے گئے 114 پاکستانیوں کو لے کر پہنچے گی، امریکی سفارت خانے کی درخواست پر خصوصی طیارے کو اجازت دے دی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے وزارت خارجہ کی ہدایت پر باضابطہ اجازت نامہ جاری کیا۔