اسلام آباد(ایس ایم حسنین) قومی خلائی پروگرام کے ادارے سپارکہ نے پی ٹی وی حکام کو تحریری طور پر متنبہ کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے ادارے کے نادہندگان ہیں اور اگر پی ٹی وی نے ’’سپارکو‘‘ کے واجبات کی فوری طور پر ادائیگی نہیں کی تو ادارہ اپنے طور پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔ سرکاری ٹی وی کو تحریر طور پر یہ یاددہانی بھی کرائی گئی ہے 30جون تک واجب الادا رقم 50لاکھ امریکی ڈالرز کے لگ بھگ ہو چکی ہے اور متعدد بار ادائیگی کی یقین دہانی کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی وی اور سپارکو کے درمیان اگست 2004 میں معاہدہ ہوا تھا جس پر سپارکو کے چیئرمین اور اس وقت پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے دستخط کئے تھے۔