اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) دنیا کو مسئلہ کشمیر پر بیدار کرنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو بے نقاب کرنا اپنا ہدف بنالیں، یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے آسٹریا اور سویڈن کیلئے نامزد سفیروں سے ملاقات میں کہی۔ انھوں نے آسٹریا کیلئے نامزد سفیر آفتاب احمد کھوکھر سے کہا کہ پاکستان ہری پور میں انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام میں آسٹریا کے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔آسٹریا میں نامزد پاکستانی سفیرآفتاب احمد کھوکھر اور سویڈن میں نامزد پاکستانی سفیر ظہور احمد نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ نامزد سفرا بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کریں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اور اقلیتی گروہوں کے خلاف دہشت گردی کا راج مسلط کیا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں سویڈن کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، نامزد سفیر پاکستان اور سویڈن کے مابین تجارتی، معاشی اور پیشہ ورانہ تربیتی تعاون کو بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ پاکستان آسٹریا تعلقات مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی ہیںآسٹریا میں نامزد پاکستانی سفیر دونوں ممالک کے مابین روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارت کاحجم بڑھانے کے لئے کوششیں کریں۔ صدرمملکت نے کہاکہ نامزد سفیرآسٹریا کی کمپنیوں کی زراعت ، تھرمل اور قابل تجدید توانائی جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی کریں، پاکستان ہری پور میں انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام میں آسٹریا کے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے، نامزد پاکستانی سفیر دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین روابط کو بڑھانے کے لئے کوششیں کریں۔