اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان کی طرف سے پاک افغان بارڈر پرتمام سہولیات اور افغان بارڈرفورسز کے ساتھ بات چیت کے باوجود سرحد پار سے پاکستانی پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی صابرشاہ شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک افغان بارڈر پر سرحد پارسے فائرنگ کے نتیجے میں ایک سپاہی صابر شاہ شہید ہوگیا ، سرحد پار سے باجوڑسیکٹر پر گزشتہ رات پاکستانی پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد بار بارڈرمینجمنٹ کا معاملہ اٹھاتارہا ہے اور افغانستان کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین استعمال کرنے سے روکنے کیلئے بارہا کہا گیا ہے۔
واضح رہے یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔