اسلام آباد(ایس ایم حسنین) دنیائے اسلام کودرپیش کسی بھی قسم کے مسائل کے حل کیلئے اسلامی تعاون تنظیم مشترکہ حکمت عملی کے تحت ملکرکام کرنے کیلئے بہترین فورم ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کی گولڈن جوبلی کے موقع پر تنظیم کے آن لائن اجلاس سے اسلام آباد میں ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کااسلامی تعاون تنظیم کے بانی ملکوں میں شمار ہوتا ہے جس نے اس ادارے کی بہتری اور ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار اداکیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے دوسربراہ اجلاسوں اور وزرائے خارجہ کی کونسل کی چارکانفرنسوں کی میزبانی کی اور پاکستان تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے بھی تیارہے۔