اسلام آباد(ایس ایم حسنین)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر اظہار تعزیت اور کویتی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں کویت کے سفارتخانہ کا دورہ کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے سفارتخانہ پہنچنے پر پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری نے انکا کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ نے کویت کے سابق امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق امیر کویت کے انتقال پرشاہی خاندان، کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کے دورحکمرانی میں پاکستان اور کویت کے مابین دو طرفہ تعلقات کو وسعت ملی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح ایک صلح جو، امن پسند اورمشفق حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔وزیر خارجہ نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔وزیر خارجہ نے مرحوم سابق امیر کویت کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کویتی سفیر نصر المطہری نے کویتی سفارت خانے آمد اور مرحوم امیر کویت کیلئے اظہار تعزیت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔