اسلام آباد(ایس ایم حسنین) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے عملے کے چار افراد کورونا کا شکار ہوگئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی عملے کے چار افراد اور ان کے ساتھ بعض کے اہل خانہ بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد کل متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کا ایک رکن کورونا وائرس کو شکست دے کر مکمل طور پر صحتیاب ہو چکا ہے جب کہ دیگر افراد اوران کے اہل خانہ کا علاج جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیپال میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے عملے سے دفتر خارجہ مسلسل رابطے میں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آسکتی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ دوسرے ممالک کی نسبت اللہ کے کرم سے پاکستان میں کورونا کم پھیلا لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے اور تمام دفاتر و تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔پاکستان میں کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوگئے ہیں جس کے بعد کراچی کے کچھ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے۔