اسلام آباد(ایس ایم حسنین) مراکش پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کے علاوہ معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتا ہے یہ بات سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعہ کو اسلام آباد میں متعینمراکش کے سفیر محمد کارمون نے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں میں دوطرفہ تعلقات مسلم اْمہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مراکش کے سفیر نے کہا کہ مراکش پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ ، برادارنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں،محمد کارمون نے کہا کہ مراکش پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کے علاوہ معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتا ہے۔مراکش پاکستان کے اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے مابین تعلقات مذہب ، اخوت اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔پاکستان مراکش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔قومی اسمبلی میں قائم پاک مراکش پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی روابط میں اضافے کے لیے مناسب فورم ثابت ہو سکتا ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے مراکش کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں، سپیکر اسد قیصرنے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی رابطوں کو فروغ دے دونوں ممالک میں پائے جانے والے تجارتی حجم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے لک افریقہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔