counter easy hit

یقین دہانیوں کے بعد پاکستان میں ٹک ٹاک بحال

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو یقین دہانیوں کے بعد بالآخر پاکستان میں بحال کر دیا گیا ہے۔
مواصلات کے ریگولیٹری ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ ایسے تمام اکاؤنٹس کو بلاک کر دے گی جو بار بار فحاشی اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے میں ملوث ہوں۔
پیر کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ٹک ٹاک کو پاکستان میں بحال کیا جا رہا ہے اور اب کمپنی کی انتظامیہ اپنے مواد کو پاکستانی قانون کے مطابق ماڈریٹ کرے گی۔پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک کی اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں ٹک ٹاک نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سوشل میڈیا ایپ پر نشر ہونے والے مواد میں پاکستان کے قوانین اور معاشرے کی اخلاقیات کے مطابق ترمیم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے یہ بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ جو صارفین پاکستان کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مواد اپ لوڈ کریں گے، انہیں ٹک ٹاک سے بلاک کر دیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ صارفین کے صحت مندانہ ڈیجیٹل تجربے اور ڈیجیٹل کمپنیوں کی پاکستان میں افزائش کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹک ٹاک پر عائد پابندی ختم کی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کی سروسز اس شرط پر بحال کی گئی ہیں کہ اس کے ذریعے فحش اور غیر اخلاقی مواد نشر نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ٹک ٹاک انتظامیہ نے شرائط پرعمل درآمد نہ کیا تو سوشل میڈیا ایپ کو پاکستان میں مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو پاکستان نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی تھی۔ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کے خلاف معاشرے کے مختلف طبقات کی شکایات کے پیش نظر، پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو بلاک کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔‘
پابندی کے بعد یس میڈیا کے سوالات کے جواب میں ٹک ٹاک انتظامیہ نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ جلد پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائے گی جس سے ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں پھر سے کام کرنا شروع کر دے۔
کمپنی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ انتظامیہ ٹک ٹاک سروس کی تمام مارکیٹس میں مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔
’ہم پی ٹی اے سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور اب بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائیں گے جس کی وجہ سے ہم ملک کی تخلیقی اور متحرک کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘
ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن میں ایک محفوظ اور مثبت ماحول کو قائم رکھنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website