اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کشمیری 1947سے آج تک اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوج سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتار کر جموں وکشمیر پرغیر قانونی طورپر قبضہ کر لیاتھا۔ بھارتی حکومت کا یہ اقدام تقسیم برصغیر ، دو قومی نظریہ ، تمام ملکی اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوںکی خلا ف ورزی اور کشمیری قوم کی خواہشات کے خلاف تھا ۔ یوم سیاہ پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حریت قائدین نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کا قتل عام بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اور کشمیرمیں بھارتی قابض فوج کی بڑھتی ہوئی پر تشدد کارروائیاں فورسز کو حاصل غیر ضروری اختیارات کا نتیجہ ہیں۔مقررین نے 27اکتوبر1947 کوجموںوکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قراردیا جب بھارتی افواج نے زبردستی کشمیر میں داخل ہوکر کشمیریوں کی آزادی اور تمام جمہوری حقوق کو سلب کر کے اس سرزمین پر زبردستی قبضہ کرلیا تھا اور تب سے آج تک کشمیری عوام پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اورکشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے ہرقسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔ حریت قائدین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کرر ہا ہے اور مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوںکو ڈومیسائل جاری کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے تاہم کشمیری عوام بھارت کو اسکے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ حریت قائدین نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ دنوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیریوں نوجوانوںکی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری 1947سے آج تک اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر حریت قائدین نے اقوام پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجی انخلاء، کشمیر میں نافذ تمام کالے قوانین کی منسوخی اور تمام بے گناہ کشمیری نظربندوںکی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوںکی زندگی اور موت اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ ، بھارت اور پاکستان نے سلامتی کونسل کی قراردادوںکی صورت میں تسلیم کر رکھا ہے۔ مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی ، سید فیض نقشبندی ، زمرود خان ، طفیل الطاف بٹ ، رفیق ڈار ، اشفاق مجید میر ، شمیم شال ، سید یوسف نسیم ،اشتیاق حمید ، عبدالمجید ملک، امتیازوانی ، شیخ عبد المتین ، شیخ محمد یعقوب ، انجینئر محمود ، ایڈووکیٹ پرویز احمد ، راجہ شاہین ، ، حسن البنا ، منظورالحق بٹ ، گلشن احمد ، ، سید مشتاق ، زاہد صفی ، زاہد اشرف ، نثار مرزا ، منظور الحق بٹ ، داو ¿د خان ، فدا کیانی ، محمد سرور ، نذیر کرنائی ، سلیم ہارون ، مظفر شاہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ ادھر مظفر آباد میں یوم سیاہ کے موقع پر تحریک استقلال جموں وکشمیر کے زیر اہتمام نیلم پل پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور وہاں سے پریس کلب تک ایک ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت حریت رہنما اور وائس چیئرمین تحریک استقلال مشتاق احمد بٹ، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، جماعت اسلامی کے قاضی شاہد حمید، مانک پیاں مہاجر کیمپ کے امیر محمد یونس میر، آئی ایس ایف کے جلال حیدر نقوی، تحریک استقلال یوتھ ونگ کے تنویر احمد درانی نے کی۔ ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت کے خلا ف اور پاکستان اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے