اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اقوام متحدہ سمیت عالمی راہنمائوں نے ویانا میں دہشتگردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ آسٹریا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ویانا حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،’ اسلامی دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے۔‘‘یورپی کمیشن کی خاتون صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے بھی اپنے ایک بیان میں آسٹریا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویانا میں ہونے والے وحشیانہ حملے سے حیران اور غمزدہ ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں ویانا میں ہونے والے حملے پر گہرے صدمے اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بھی ویانا حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔