اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باوجود زرمبادلہ کی شرح میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔دوران ملاقات، ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہت جلد ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے سٹیٹ بینک کی کارکردگی ، زرمبادلہ کی شرح میں اضافے اور مالیاتی اشاریوں کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔کورونا کے باعث پاکستان جیسے ترقی پذیر اور محدود وسائل کے حامل ممالک، معاشی طور پر شدید متاثر ہوئے ہیں ۔کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باوجود زرمبادلہ کی شرح میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے سفرا”معاشی سفارتکاری” کے ذریعے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے میسر مواقع، اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو دنیا بھر میں متعارف کروا رہے ہیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی پی ایس پلس سٹیٹس کا تسلسل، روپے کی قدر میں اضافہ اور دیگر معاشی اشاریے ہماری درست سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔انشاءاللہ بہت جلد ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے