اسلام آباد(ایس ایم حسنین) امریکہ کے 46ویں صدر کی حیثیت سے منتخب ہونے والے جو بائیڈن جوکہ فلسطین اور ایران کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں۔ ان کی کامیابی پر فلسطین کی طرف سے غیر معمولی رد عمل سامنے آیا ہے جبکہ ایران اور اسرائیل نے انھیں مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے جو بائیڈن کو مبارکباد دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کا گزشتہ تین برسوں سے جاری بائیکاٹ ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے بعد سے فلسطینی قیادت نے وائٹ ہاوس سے بات چیت کا سلسلہ منقطع کر دیا تھا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ نئی وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے پاس ’ماضی کی غلطیوں کی تلافی‘ کرنے کا موقع ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے جو بائیڈن کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ فلسطین اور ایران کے حوالے سے جو بائیڈن اسرائیل کی پالیسی سے اختلاف رکھتے ہیں۔